دیوبند،30؍اکتوبر(ایس او نیوز؍پریس ریلیز) فرانس میں بنائے گئے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف بعد نماز جمعہ دیوبند میں ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے فرانس کے مصنوعات کے بائیکاٹ کا عہد کیا اور فرانس صدر میکرون کے خلاف زبردست غم و غصہ کا اظہار کیا۔
احتجاجی مظاہرہ سے مولانا مفتی محمد عفان صاحب منصورپوری صدر دینی تعلیمی بورڈ اترپردیش و رکن عاملہ جمعیت علماء ہند،مفتی محمد عارف صاحب قاسمی استاذ حدیث دار العلوم وقف دیوبند،مولانا ندیم الواجدی صاحب،مولانا نسیم اختر شاہ قیصر، مولانا قاری واصف صاحب عثمانی،معاویہ علی سابق رکن اسمبلی دیوبند،علامہ طارق قاسمی،حیدر علی،قاسم عثمانیاور مولانا نظیف قاسمی ازہری وغیرہ نے خطاب کیا۔
پروگرام کی مکمل نظامت مہدی حسن عینی قاسمی صدر تنظیم ابنائے مدارس نے کی۔اخیر میں دیوبند ایس ڈی ایم کے ذریعہ صدر جمہوریہ ہند کو ایک چار نکاتی میمورنڈم ارسال کیا گیا۔اس پروگرام میں دیوبند کے علماء،عمائدین شہر اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔